کراچی (نیوز ڈیسک) ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ دنیا کے مختلف ملکوں میں فضائی آلودگی اس قدر زیادہ ہے کہ وہاں سانس لینا روزانہ ایک پیکیٹ سگریٹ کے پینے جتنا خطرناک ہے۔ سائنس میگزین کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صرف اسی وجہ سے سگریٹ نہ پینے والے افراد بھی پھیپھڑوں کے کینسر اور دیگر بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، ان علاقوں میں رہنے والے افراد Emphysema نامی بیماری میں مبتلا ہوتے ہیں جو پھیپھڑوں میں آکسیجن کھینچنے والی چھوٹی چھوٹی تھیلیوں (Sacs) کو متاثر کرتی ہے، اس سے سانس اکھڑنے لگتی ہے، کھانسی ہوتی ہے اور چکر آنے لگتے ہیں۔ محققین کا کہنا ہے کہ شہری علاقوں میں آلودگی کی سطح میں اضافے سے موت کا خطرہ کئی گنا تک بڑھ جاتا ہے۔ یونیورسٹی آف واشنگٹن کے ڈاکٹر جوئل کائوفمن کہتے ہیں کہ امریکا سمیت مختلف ملکوں میں پھیپھڑوں کی بیماریوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور خصوصاً ایسے افراد زیادہ متاثر ہو رہے ہیں جو تمباکو نوشی نہیں کرتے۔ تحقیق کے دوران 7؍ ہزار سے زائد افراد پر تجربات کیے گئے، ان سے ڈیٹا حاصل کیا گیا۔ تحقیق کی خاص بات اس میں مختلف نسلوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔